مرکزی ٹیم کا دورہ فیور ہاسپٹل، محکمہ صحت کے انتظامات پر اظہار اطمینان
حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) شہر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ریاستی محکمہ صحت کی طرف سے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک تین رکنی ٹیم نے منگل کو فیور ہاسپٹل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وہاں قائم شدہ علیحدہ وارڈس اور وائرولوجی لیاب کے انتظامات کا مشاہدہ کیا گیا۔ بعدازاں ٹیم نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچ کر اسکریننگ کی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ یہ ٹیم کل گاندھی ہاسپٹل اور چیسٹ ہاسپٹل کا معائنہ کرے گی۔ فیور ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ شنکر نے کہاکہ مرکزی ٹیم نے کورونا وائرس سے نمٹنے اس دواخانہ میں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر شنکر نے کہاکہ کوئی بھی فرد کورونا وائرس سے متاثر نہیں پایا گیا ہے اور عوام کو خوف و سنسنی سے دوچار نہیں ہونا چاہئے۔ چین سے واپس ہونے والے افراد فیور ہاسپٹل پہونچ کر معائنہ اور اگر ضروری ہو تو علاج کرواسکتے ہیں۔ تین افراد جو چین سے حیدرآباد واپس ہوئے تھے بخار کے سبب زیرعلاج ہیں لیکن ان میں کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔ ان کے لعاب کے نمونے بغرض معائنہ پونے کے لیاب کو روانہ کئے گئے ہیں جن کی رپورٹ چہارشنبہ کو آئے گی۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ شراون نے کہاکہ اس دواخانہ میں 40 بستروں پر مشتمل علیحدہ وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ونیٹیلیٹرس اور دیگر سہولتوں کے ساتھ دوسری اور ساتویں منزلوں پر خصوصی وارڈس قائم کئے گئے ہیں۔