شہر کے ریڈزون علاقوں میں کے ٹی راما رائو کا دورہ، عوام سے ملاقات

,

   

ضروری اشیاء کی سربراہی، لاک ڈائون میں رعایتوں کا عنقریب فیصلہ
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کے ہمراہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں کورونا وائرس سے متاثرہ نو انٹری زونس کا دورہ کیا۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 123 علاقوں کو انٹینمنٹ زون میں تبدیل کیا گیا ہے۔ کے ٹی آر نے کنٹینمنٹ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کی سہولت کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خیریت آباد، وجئے نگر کالونی اور ملے پلی علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مقامی افراد سے بات چیت کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ عوام میں اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کنٹینمنٹ علاقوں میں حکومت کے فیصلے کے مطابق گھروں تک ضروری اشیاء کی سربراہی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ تشویش میں مبتلا نہ ہوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وائرس سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں وائرس کے پازیٹیو کیسس پائے جانے پر کنٹینمنٹ زون بنایا گیا ہے لہٰذا عوام مرض کے بارے میں تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔ کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون کے سلسلہ میں حکام سے تعاون کریں۔ اسی دوران کے ٹی آر نے آئی ٹی شعبہ سے تعلق رکھنے والے نمائندوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے سبب نہ صرف عوام بلکہ مختلف صنعتوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولتیں پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ ریاست بہت جلد کورونا وائرس سے نجات حاصل کرلے گی۔ حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ لاک ڈائون کو مرحلہ وار طور پر کس طرح ختم کیا جائے۔ سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے لاک ڈائون میں رعایتی دی جاسکتی ہیں۔ آئی ٹی شعبہ کے نمائندوں نے کے ٹی آر کو یقین دلایا کہ وہ حکومت سے مکمل تعاون کریں گے۔ پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی جیش رنجن اس موقع پر موجود تھے۔