شہر کے سلم علاقوں میں بارش، عوام بے شمار مسائل سے دوچار

   

نظام آباد کے ایم آئی ایم اور بی آر ایس کے قائدین لاپتہ، کانگریس قائد سید قیصر کا میڈیا سے خطاب

نظام آباد۔ 21 جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر کے سلم علاقوں میں بارش کی وجہ سے عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ان کا کوئی پرُ سان حال نہیں ہے برسراقتدار مجلس اتحادا لمسلمین اور بی آرایس کے اقلیتی قائدین لاپتہ ہے ۔ سید قیصر قائد کانگریس پارٹی نے ڈیویژن نمبر 12 کے علاقہ ساگر ہلز کالونی کا دورہ کرتے ہوئے یہاں کے مسائل کا جائزہ لینے پر بارش کی وجہ سے برقی سربراہی منقطع ہونے کے باعث تین دن سے یہاں کے مکین تاریکی میں شب و روز گذارنے پر مجبور ہوگئے ۔ سید قیصر نے ٹرانسکو عہدیدار اے ڈی اور اے ای کو طلب کرتے ہوئے برقی سربراہی بحال کرائی ۔ بارش کی وجہ سے برقی پول زمین بوس ہونے پر مرمت کرائی گئی جس کے بعد برقی بحال ہونے پر مقامی لوگوں نے سید قیصر کا شکریہ ادا کیا ۔ ا س موقع پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین اور بی آرایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجلسی قائدین اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس ، نظام آباد اربن انچارج مجلس احمد بن عبداللہ بلعلہ نے نظام آباد کے سلم علاقوں میں عوا م کو درپیش مسائل سے متعلق کوئی جانکاری حاصل نہیں کی اور نہ ہی مقامی مجلسی قائدین یا کارپوریٹرس نے سلم علاقوں کادورہ کرتے ہوئے مسائل سے آگاہی و حل کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت کی ہے ۔ برسراقتدار بی آرایس کے اقلیتی قائدین بھی لاپتہ ہے ۔ سید قیصر نے کہا کہ دونوں ہی جماعتوں کے قائدین مفاد پرست ثابت ہورہے ہیں ۔ انتخابات کے وقت عوام کی خدمت کے بلند و بانگ دعویٰ کرتے ہیں جب عوام پر مصیبت آتی ہے تو لاپتہ ہوجاتے ہیں ۔ اس موقع پر شیکھر گوڑ پی سی سی ڈیلیگٹ ، سردار نریندر سنگھ سٹی جنرل سکریٹری کانگریس ، عارف خان ، مقامی نوجوان و بزرگ موجود تھے ۔