حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد میں کئی ہیرٹیج اسٹرکچرس ہیں اور یہ اسٹرکچرس ریاست میں سیاحت کے فروغ اور اس میں اضافہ کے لئے بڑی اہمیت رکھتے ہیں ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے 60 کروڑ روپئے مصارف کے ساتھ تاریخی شہر حیدرآباد میں ہیرٹیج عمارتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس شہر میں جہاں کئی ہیرٹیج اسٹرکچرس اور تاریخی مقامات ہیں ، سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ چنانچہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے سیاحت کیلئے پرکشش مقامات پر صحت و صفائی کی برقراری کی مہم چلائی ہے تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جائے ۔ ایک پائیلیٹ پراجکٹ کے تحت ، جی ایچ ایم سی نے 12 مقامات کی نشاندہی کی اور ان مقامات پر صحت و صفائی اور گرینری کو یقینی بنانے کے لئے دو خانگی ایجنسیوں کی خدمات حاصل کئے ہیں ۔ ان ایجنسیوں کو ان مقامات پر چوبیس گھنٹے صاف صفائی کو برقرار رکھنے کا کام تفویض کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ورکرس کو کام پر لگاتے ہوئے تین شفٹوں میں صحت و صفائی کے کام شروع کئے ہیں ۔ سیاحت کے لئے اہم مقامات کے علاوہ جی ایچ ایم سی نے چارمینار ، سالارجنگ میوزیم ، مکہ مسجد ، سکندرآباد ریلوے اسٹیشن اور دیگر چند مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد ہوتی ہے ۔ عام طور پر وزیٹرس بالخصوص بیرون ملک کے افراد بڑی تعداد میں ان مقامات کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں اس لئے ان مقامات پر صفائی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ لہذا جی ایچ ایم سی شہر میں دوسرے سیاحتی مقامات پر بھی صاف صفائی کو یقینی بنانا چاہتا ہے ۔ 27 سیاحتی مقامات میں زائد از 70 کلو میٹر کے فاصلہ تک صحت و صفائی کی مہم چلانے کا منصوبہ ہے اور اس پر جلد ہی عمل کیا جائے گا ۔ 60 کروڑ کے منجملہ جی ایچ ایم سی نے معظم جاہی مارکٹ کی تمام عصری سہولتوں کے ساتھ تزئین نو کرنے کیلئے 15 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ معظم جاہی مارکٹ کے اطراف لوہے کے گریلس لگائے گئے ہیں ۔ قومی ترنگا لہرایا گیا ، چھت کے سلابس اور فلورنگ دونوں کو ان کی اصلی حالت میں لایا گیا ۔ اس مارکٹ کے اصلی ہیرٹیج لک کو بحال کرنے کیلئے کھجور کے درخت لگائے گئے ہیں اور خوشنما ریلنگس لگائی گئی ہے اور مین بورڈ کو بحال کیا گیا ہے ۔ معظم جاہی مارکٹ کے علاوہ ، ٹینک بنڈ ، عاشور خانہ ، مرغی چوک ، کلاک ٹاور ، پتھر گٹی ، محبوب چوک اور دوسرے مقامات کی خوبصورتی کے ساتھ تزئین نو کی گئی ۔ آؤٹ سورسڈ ایجنسی کی جانب سے صحت و صفائی کی برقراری کے سلسلہ میں دن میں تین مرتبہ سیاحتی مقامات پر جاروب کشی کی جاتی ہے ۔