ناگپور کے فارس قادری کا کال ریسیو کرنے سے گریز ۔ کال کو اچانک منقطع بھی کیا جا رہا ہے ۔جواب دینے میں مشکلات
حیدرآباد : شہر کے سیاسی قائدین بالخصوص پرانے شہر کے عوام منتخبہ نمائندوں کو اب فون کی گھنٹی پریشان کرنے لگی ہے ۔ فون کی گھنٹی بجنے پر انہیں فون ریسیو کرنے سے زیادہ فون پر بات کرنے کا خوف طاری ہوگیا ہے ، چونکہ انہیں اس بات کی فکر لاحق ہوگئی کہ کہیں فارس قادری کا فون نہ آجائے ، ایسی ہی کچھ بے چینی سیاسی حلقوں میں دیکھی جارہی ہے اور عوامی قائدین فارس قادری سے بات کرنے میں پس و پیش کا شکار ہیں ۔ فارس قادری کا فون ریسیو ہی نہیں کیا جاتا یا پھر اگر ریسیو ہو بھی جاتا ہے تو بھی بات مختصر ہوتی ہے اور درمیان گفتگو فون کاٹ دیا جاتا ہے ۔ اپنی گرجدار آواز اور شاہانہ انداز میں بات کرتے ہوئے شہر کا لوہا منوانے والے ان قائدین کی فارس قادری کے آگے ایک نہیں چلتی ، ایک تازہ فون کال میں جو شوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے فارس قادری کو چارمینار رکن اسمبلی جناب ممتاز احمد خان سے بات کرتے سناگیا ۔ فون کال پر بات چیت کی جو آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے اس میں فارس قادری اور ممتاز احمد خان کے درمیان بات چیت ہوئی جس میں فارس قادری نے رکن اسمبلی سے کئی سوالات کئے جس پر رکن اسمبلی کا جواب بے بسی کا عالم پیش کررہا ہے ۔ سینئر ترین ایم ایل ایز میں شمار کئے جانے والے ممتاز احمد خان کے جواب سے ان کی معلومات کی عکاسی ہوتی ہے ۔ نیکلس روڈ کے نام کو بدل دیئے جانے پر اقلیتی طبقہ میں جہاں بے چینی پائی جاتی ہے تو اس سنگین مسئلہ سے ایم ایل اے نے اپنے آپ کو لاتعلق ظاہر کیا اور کہا کہ انہیں کچھ نہیں معلوم اور یہ بھی کہہ دیا کہ کوئی نام کی تبدیلی عمل میں نہیں ہوئی ۔ فارس قادری نے ممتاز احمد خان سے اتر پردیش کے سیاسی حالات سے متعلق سوال کیا تو رکن اسمبلی نے صدر صاحب سے بات کرنے کا مشورہ دیا اور فارس قادری سے کام کے علاوہ کوئی اور بات نہ کرنے کی گذارش کی اور اپنی مصروفیات کا اظہار کرتے ہوئے منت سماجت کی اور مہربانی کا لفظ استعمال کرکے کہا کہ مہربانی کر کے بات مت کیجئے ، یہ کہتے ہوئے فون کٹ کردیا ، جس کے بعد فارس قادری نے مجلس کے معتمد عمومی جناب احمد پاشاہ قادری سے بھی بات کی لیکن انہوں نے بھی فارس قادری کے فون کو کٹ کردیا جس کے بعد ایک کے بعد اور رکن اسمبلی جناب احمد بلعلہ اور جناب کوثر محی الدین سے بھی بات کی اور نکلس روڈ کے نام کو بدل کر پی وی نرسمہا راو رکھے جانے پر تشویش ظاہر کرکے ان ارکان سے ردعمل حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن تمام ہی اراکین اسمبلی نے فون تو ریسیو کیا لیکن جیسے ہی فارس قادری نے تعارف کروایا ، یہ لوگ فون کو کٹ کرتے چلے گئے ۔ اراکین اسمبلی کے اس رویہ سے شہر کے مختلف گوشوں میں یہ بات موضوع بحث بن گئی اور شہری یہ تاثر پیش کررہے ہیں کہ فارس قادری کے فون سے اراکین اسمبلی گریزاں ہیں ۔