شہر کے عاشور خانوں میں علم کی ایستادگی

   

حیدرآباد 26 جون(سیاست نیوز) ماہ محرم الحرام کا چاند نظر آتے ہی دونوں شہروں میں عاشور خانوں میں علم کی ایستادگی کے ساتھ غم حسین ؓ و یاد کربلا کی مجالس کا آغاز ہوگیا ۔شہر بالخصوص پرانے شہر میں عاشورخانوں میں علم ایستاد کردیئے گئے ۔اس کے علاوہ کئی مقامات پر سبیل نذر حسینؓ لگائی گئی تاکہ زائرین کو پانی کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ تاریخی بی بی کے علم ‘ و بادشاہی عاشور خانہ ‘ عاشور خانہ نعل صاحب‘ الاوہ سرطوق‘ بارگاہ حضرت عباسؓ‘الاوہ یتیماں ‘ عزاء خانہ زہراءؓ‘ کے علاوہ حسینی علم عاشور خانہ و دیگر مقامات پر علم ایستاد کردئیے گئے اور غم حسینؓ میں مغموم زائرین نے زیارتوں کا سلسلہ شروع کردیا ۔حکومت کی ہدایت پر محکمہ برقی سے عاشور خانوں کے قریب روشنیوں کا خصوصی انتظام ہے جبکہ سبیلوں کو پانی کی سربراہی کی تاکید کی گئی ۔ عاشورخانوں کے قریب صفائی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری بلدیہ کو تفویض کی گئی ۔ عاشور خانوں کے قریب سکیوریٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور محرم کے ابتدائی 10 یوم خصوصی انتظامات کئے جائیں گے ۔ وقف بورڈ نے بھی عاشور خانوں کی آہک پاشی ‘ رنگ و روغن و دیگر امور کیلئے خصوصی بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔3