شہر کے متعدد مقامات پر کچرے کے انبار ، بلدیہ کے دفتر پر بھی کوڑا کرکٹ

   

تلنگانہ ہائی کورٹ کی جی ایچ ایم سی پر سخت برہمی کے باوجود پہلوتہی آشکار
حیدرآباد۔30اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر کی صفائی کے مسئلہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حکومت تلنگانہ پر شدید برہمی کے اظہار کے باوجود شہر کی سڑکیں کوڑا دان بنی ہوئی ہیں لیکن اس کے باوجود کچہرے کی نکاسی نہیں کی جا رہی ہے ۔شہر کے کئی مقامات پر کچہرے کے انبار اور اس کی اطلاع عہدیداروں کو دیئے جانے کے باوجودبلکہ پرانے شہر میں تو بلدی دفتر کی دیوار سے ہی کچہرے کے انبار لگے ہوئے ہیں اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی لاپرواہی کی منہ بولتی ان تصاویر کو کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر شئیر کئے جانے کے بعد بھی کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے جبکہ عدالت نے گذشتہ ہفتہ ہی عہدیداروں کو عدالت میں طلب کرتے ہوئے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور ہدایت دی تھی کہ شہر و ریاست میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے ۔ فلک نما‘ انجن باؤلی‘ شاہ علی بنڈہ‘ مغلپورہ‘ محبوب چوک‘ چندرائن گٹہ‘ ملک پیٹ ‘ سعید آباد‘ جام باغ ‘ کوٹلہ عالیجاہ‘ منڈی میر عالم‘ دارالشفاء کے علاوہ دیگر کئی علاقوں میں کچہرے کی عدم نکاسی کے سبب بدبو و تعفن پھیلا ہوا ہے اور راہگیروں کو راستہ سے گذرنے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گڈی ملکا پور‘ کاروان‘ سبزی منڈی ‘ پرانا پل‘ ٹپہ چبوترہ ‘ گولکنڈہ کے علاوہ حلقہ اسمبلی کاروان کے کئی علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔

چارمینار کے قریب بس اسٹینڈ جو ختم کرتے ہوئے پارکنگ کے مقام میں تبدیل کیا گیا ہے اس جگہ کو کچہرا ڈالنے کے مرکز میں تبدیل کردیا گیا ہے اور اسی کے قریب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائی جانے والی 5 روپئے میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم چلائی جا رہی ہے۔جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کی جانب سے شہر کی سرکردہ ہوٹلوںاور ریستوراں میں معمولی صفائی نہ ہونے یا ہوٹل یا ریستوراں سے سڑک پر پانی بہتا ہے یا گندگی پھیلتی ہے تو ایسی صورت میں بھاری چالانات کئے جا رہے ہیں لیکن چارمینار بس اسٹینڈ میں جہاں جی ایچ ایم سی کا کھانے کا مرکز ہے وہاں موجودہ کچہرے کے انبار کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو بھی اب سوائے چالانات کے کسی اور کام سے دلچسپی نہیں ہے کیونکہ اس جگہ کی صفائی کو ممکن بنانے کے بجائے اسی گندگی میں کھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ شہر کی بیشتر سڑکوں پر موجود کوڑے دان کچہرے سے ابل پڑے ہیں لیکن اس کے باوجود کچہرے کی صفائی کا کوئی انتظام نہیں کیا جا رہا ہے جو کہ شہر میں گندگی کے فروغ کا سبب بنتا جا رہا ہے ۔