شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک موسلادھار بارش ‘ موسم خوشگوار

   

حیدرآباد یکم نومبر (سیاست نیوز) شہر کے مختلف علاقو ںمیں محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق اچانک تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور کئی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہوائیں چلتی رہیں۔ مختلف علاقوں بالخصوص گچی باؤلی‘ مدینہ گوڑہ ‘ خواجہ گوڑہ ‘ مادھاپور‘ کوکٹ پلی ‘ پنجہ گٹہ ‘ سوماجی گوڑہ و دیگرشمالی علاقوں میں بارش سے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک مسائل پیدا ہوئے۔ امیر پیٹ‘ کتہ گوڑم‘ میاں پور‘ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز اور فلم نگر و دیگر علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات ملیںاور ڈی آر ایف ٹیموں نے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے ۔ خلیج بنگال میں ہواء کے دباؤ میں کمی سے مختلف علاقوں میں بارشوں اور موسم کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ موسمیات نے دونوں شہروں و نواحی علاقوں میں بارش کی پیش قیاسی کی تھی اور آج سہ پہر بارش سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دویوم میں شہر کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں لیکن جنوبی حصوں میں محض مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے۔ مادھاپور میں بارش 58.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گچی باؤلی میں 56.8 ملی میٹر رہی ۔ 45 منٹ بارش سے جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ موسیٰ پیٹ‘ بورا بنڈہ ‘ یوسف گوڑہ ‘ ایرہ گڈہ ‘ ایس آر نگر ‘ شیرلنگم پلی ‘ پٹن چیروو ‘ کونڈا پور‘ میں بھی بارش سے پانی جمع ہوا ۔ بارشوں کا سلسلہ آئندہ 3یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے۔3