شہر کے مختلف مقامات پر مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ

   

l بارش کا پانی جمع ہونے سے وبائی امراض کو روکنے جی ایچ ایم سی کے اقدامات
l کچرے کی صفائی کے فوری اقدامات کی ہدایت ، کمشنر بلدی کی ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔3۔ ستمبر۔ (سیاست نیوز) دونوں شہر وں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود کالونیوں میں جہاں دو گھنٹہ سے زائد بارش کا پانی جمع رہا ان علاقوں میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بناتے ہوئے جی ایچ ایم سی حدود میں وبائی امراض کو پھٹنے سے روکنے کے اقدامات کئے جائیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ کے امرا پالی نے آج جی ایچ ایم سی کے حدود میں موجود بلدی عہدیداروں بالخصوص ڈی ایم ایچ او ز اور اڈیشنل کمشنران سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ جی ایچ ایم سی حدود میں جن مقامات پر نالوں کی صفائی کی گئی ہے ان مقامات سے کچہرے کی نکاسی کے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں اور جہاں ڈرینیج کی صفائی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے ان کی نشاندہی کرتے ہوئے تمام کچہرے کو فوری ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں۔ محترمہ کٹا امراپالی نے ٹیلی کانفرنس کے دوران کہا کہ جن مقامات پر کچہرے کے انبار ہیں ان کو فوری طور پر صاف کیا جائے اور جہاں کیچڑ ہے اس کی صفائی اور خشکی پیدا کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور رہائشی بستیوں اور محلہ جات میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے ذریعہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکا جائے۔ دونو ںشہروں میں بارش کے تھمنے کے بعد سے موسم سرد اور درجہ حرارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے بعد ریاستی محکمہ صحت نے تمام اضلاع میں بلدیات کو متحرک ہوتے ہوئے صاف صفائی کے عمل کو بہتر بنانے کے اقدامات کی تاکید کی ہے اور تلنگانہ کے تمام بلدی اداروں کی جانب سے صفائی اور مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے ساتھ ساتھ ڈینگو اور ملیریا کے علاوہ دیگر وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے اپنے ماتحت عہدیدارو ںکو بلدی حدود میں پائے جانے والے ملیریا‘ ڈینگو اور دیگر وبائی امراض کا شکار مریضوں کا ریکارڈ حاصل کرتے ہوئے ان کا ڈاٹا تیار رکھنے کی ہدایت دی ہے اور عوام کے درمیان شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں وبائی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ میڑچل و ملکا جگری کے علاقوں میں موجود سلم بستیوں میں میڈیکل کیمپس کے انعقاد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سلم بستیوں میں طبی کیمپس کے ذریعہ غریب شہریوں کے مفت معائنہ اور انہیں ادویات کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔محترمہ کٹا امراپالی نے آج بلدی حدود میں موجود کوکٹ پلی زون کا اچانک دورہ کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور ان علاقوں میں متعلقہ عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ صحت عامہ کو بہتر بنائے رکھنے کے علاوہ عوام میں صحت کے متعلق شعور اجاگر کرنے کی مہم چلاتے ہوئے کہا کہ طبی کیمپ کے انعقاد کے ذریعہ سردی ‘ نزلہ ‘ بخار اور کھانسی جیسے امراض کا شکار افراد کے معائنوں کو یقینی بناتے ہوئے ملیریا اور ڈینگو کی جانچ کی جائے۔3