افضل گنج ، مدینہ ، لکڑی کا پل اور دوسرے مقامات کی نشاندہی ، ایچ ایم ڈی اے کو منصوبہ بند تیار کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بڑھتی ہوئی شہری آبادی ، ٹریفک مسائل اور پیدل چلنے والوں کو سڑک عبور کرنے میں پیش آنے والی دشواریوں کے پیش نظر ریاستی حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں مزید 6 نئے اسکائی واکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ منصوبہ شہری سہولتوں کے فروغ اور حادثات کی شرح کو گھٹانے کے معاملے میں ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے ۔ حکومت نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر افضل گنج ، مدینہ ، لکڑی کا پل پٹرول بنک ، بی ایچ ای ایل ، جے این ٹی یو ، میاں پور ٹی جنکشن پر اسکائی واکس کی تعمیر کے لیے فوری تجاویز تیار کریں ۔ متذکرہ چھ علاقے پیدل چلنے والوں کے لیے نہایت مصروف اور خطرناک ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جہاں بار بار ٹریفک جام ہونے کے ساتھ اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں اسکائی واکس کے قیام سے نہ صرف سڑک عبور کرنے والوں کو سہولت حاصل ہوگی اور ٹریفک نظام میں بھی نمایاں بہتری آئے گی ۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں نے بتایا کہ ادارہ کی جانب سے پہلے ہی اُپل اسکائی واک عوام کو دستیاب کرادیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں جب کہ مہدی پٹنم اسکائی واک کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ اس طرح سکندرآباد میں ریلوے اسٹیشن اور میٹرو اسٹیشن کو بس اسٹانڈ سے جوڑنے کے لیے ایک بڑا اسکائی واک بھی زیر تعمیر ہے جو شہریوں کے لیے نہایت سہولت بخش ثابت ہوگا ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ لی اسوی ایٹس کی جانب سے کئے گئے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ حیدرآباد میں کم از کم 23 مقامات پر اسکائی واکس تعمیر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بڑھتی ہوئی ٹریفک کو منظم کیا جاسکے اور شہریوں کو محفوظ نقل و مقام کی سہولت فراہم ہوسکے ۔۔ 2