شہر کے مغربی حصہ میں بورویل بھی خشک ہونے لگے ‘ پانی کی قلت

   

زیر زمین پانی کی سطح میںکمی سے مشکلات ۔ محکمہ آبرسانی سے ٹینکرس کی تعداد میں اضافہ

حیدرآباد 21 اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں زیر زمین سطح آب میں کمی کے نتیجہ میں شہر کے مغربی حصہ کے علاقوں میں بورویل خشک ہونے لگے ہیں اور مکینوں کو ٹینکرس سے پانی حاصل کرنے مجبور ہونا پڑرہا ہے۔ شہر میں زیر زمین پانی کی سطح میں گراوٹ اور پینے کے پانی کی قلت کے پیش نظر محکمہ آبرسانی سے متبادل انتظامات کئے جانے لگے تھے اور پانی پہنچانے کے اقدامات کے ساتھ ٹینکرس کی تعداد میں اضافہ کیا جاچکا ہے لیکن اب بورویل خشک ہونے کی اطلاعات نے عہدیداروں کو تشویش میں مبتلاء کرنا شروع کردیا ہے۔ جوبلی ہلز‘ بنجارہ ہلز‘ گائتری ہلز‘ نانک رام گوڑہ ‘ مدینہ گوڑہ کے علاوہ دیگر اطراف و اکناف علاقوں میں بورویلز ک خشک ہونے کے سبب شہریوں کو ٹینکرس کے پانی پر انحصار کرنا پڑرہا ہے اور کہاجارہا ہے کہ بیشتر علاقوں میں محکمہ آبرسانی کے علاوہ خانگی ٹینکرس کی طلب میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ شہر میں پینے کے پانی کی قلت کے سبب گذشتہ ماہ ہی ٹینکرس کی مانگ میں اضافہ ہونے لگا تھا اور ٹینکرس کی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ آبرسانی نے شہر میں ٹینکرس کی تعداد میں اضافہ کرکے پانی کی سہولتوں کو بہتر بنانے اقدامات کئے تھے ۔ حکومت نے ریاست میں پینے کے پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے ریاست کے تمام اضلاع میںپینے کے پانی کی سربراہی کی نگرانی کے لئے عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی اور شہر میں پینے کے پانی کی قلت نہ ہو اس کیلئے متبادل انتظامات کے طور پر اضافی ٹینکرس حاصل کرنے اقدامات کے علاوہ پانی کیلئے متبادل ذرائع استعمال کرنے شروع کئے جاچکے ہیں لیکن جن علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح میں کمی آئی ہے ان میں رہائشی کامپلکس اور تجارتی سرگرمیاں ہیں جہاں پانی وافر مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ محکمہ آبرسانی سے ٹینکرس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے علاوہ ٹینکرس بکنگ میں سہولت پہنچانے اقدامات کو یقینی بنانے موبائیل ایپ کی تیاری کا منصوبہ ہے ۔ جلد ہی محکمہ آبرسانی ٹینکرس کی فراہمی کو آسان بنانے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے موبائیل ایپ کو روشناس کروائیگا۔3