شہر کے میدانوں کی دیکھ بھال ضروری ‘ خورشید جاہ گراونڈ مسلسل نظر انداز

   

کرکٹ ‘ فٹبال اور دیگر کھیلوں کو میدان پر فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ضروری
حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز) شہر میں کھیل کود کی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے میدانوں کے تحفظ اور ان کی حالت کو بہتر بناکر موسم گرما میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے خصوصی کیمپ چلانے چاہئے تاکہ نوجوانوں کی تربیت اور معصوم بچوں میں کھیل کود کے جذبہ کو فروغ دیا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں مختلف کھیلوں کیلئے تربیتی کیمپس چلائے جاتے ہیں لیکن ان کیمپس کے دوران پرانے شہر میں ’خورشید جاہ گراؤنڈ‘ کو مسلسل نظرانداز کیا جاتا رہا ہے جبکہ پرانے شہر کی گنجان آبادی والے علاقہ میں اس میدان میں اگر فٹبال ‘ کرکٹ و دیگر کھیلوں بالخصوص ٹینس‘ بیاڈمینٹن کی تربیت کا سلسلہ شروع کیاجاتا ہے تو سینکڑوں بچے ان کیمپوں سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔خورشید جاہ گراؤنڈ جہاں چند برس قبل تک بھی کرکٹ اکیڈیمی اور فٹبال کلب چلائے جاتے تھے ان سرگرمیوں کو میدان بہتر نہ ہونے کے سبب ختم کیا جانے لگا ہے ۔ بلدیہ حیدرآباد اور حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی نگرانی میں خورشید جاہ دیوڑھی کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے آہک پاشی اور تزئین نو کے کام تیزی سے جاری ہیں اگر بلدیہ حیدرآباد خورشید جاہ کے وسیع و عریض میدان کی حالت کو بہتر بناکر اسے ترقی دیتا ہے تو شہر میں فٹبال اور کرکٹ و دیگر کھیلوں کیلئے اس میدان سے بہتر کوئی میدان نہیں ہوگا ۔ اہلیان محلہ اور مقامی عوام کا کہنا ہے کہ خورشید جاہ گراؤنڈ میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اگر سیاسی دلچسپی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے تو یہ میدان پرانے شہر کے کسی اسٹیڈیم سے کم ثابت نہیں ہوگا کیونکہ وسیع و اعریض میدان میں کھیل کود کی مناسب سہولتیں فراہم نہ کئے سے یہ میدان بتدریج ختم ہونے لگا ہے ۔ اس میدان کو اگر ترقی دی جاتی ہے تو اس سے نہ صرف کرکٹ بلکہ فٹبال و دیگر کھیلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے کھلاڑیوں کو پیدا کیا جاسکتا ہے جو شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کا قومی و بین الاقوامی سطح پر نام روشن کرسکتے ہیں۔3