شہر کے نواحی علاقوں میں سال نو تقاریب پر تحدیدات کا اعلان

   

ویکسین کی دو ڈوز لینے والے افراد کو ہی تقاریب میں شرکت کی اجازت ہوگی

حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقوں میں منعقد ہونے والی سال نو تقاریب پرتحدیدات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں پر مشتمل رچہ کنڈہ اور سائبرآباد پولیس کمشنرس نے تحدیدات پر مشتمل احکامات جاری کردیئے۔ تقاریب محدود تعداد کے علاوہ مخصوص شرائط پر منعقدکی جاسکتی ہیں جس کیلئے اجازت لازمی ہوگی۔ آرگنائزرس کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ کوویڈ شرائط پر سختی سے عمل کریں۔ داخلہ کے مقام پر جانچ اور تصدیق کرنا ہوگا۔ ایسے افراد ہی کو داخلہ دیا جائے جنہوں نے ویکسین کی دو خوراک حاصل کی ہوں۔ آؤٹ ڈور پر ڈی جے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خواتین کیلئے سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے جانے چاہیئے۔ احکامات کے مطابق اجازت لینا آرگنائزرس کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اپنے ایونٹ میں ڈرگس کے استعمال اور دیگر نشیلی ادویات کے استعمال پر روک لگائیں۔ ماسک اور سنیٹائزر کا لازمی استعمال ہونا چاہیئے۔ بغیر ماسک پر ایک ہزار روپئے کا جرمانہ ہوگا۔ تقریب کے اوقات 31 ڈسمبر رات 12 بجے تا ایک بجے تک رہیں گے۔ دو دن قبل کمشنر آف پولیس سے درخواست داخل کریں۔ اجازت کوویڈ۔ 19 کے رہنمایانہ خطوط اور جی او نمبر 327 کے مطابق ہی دی جائے گی۔ آرگنائزرس اور اسٹاف کیلئے 48 گھنٹے قبل کی کوویڈ۔ 19 رپورٹ پیش کرنا ہوگا۔ پروگرام کو وقت پر شروع کرنے کے علاوہ وقت پر ختم کرنا ہوگا۔اس کے علاوہ تقریب میں سربراہ کی جانے والی غذا کا بھی تغذیہ بخش ہونا لاـزمی رہے گا اور اس کی تصدیق کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ جشن میں غیر اخلاقی حرکتوں اور غیر مہذب لباس کی اجازت نہیں رہے گی۔ سسٹم 45 ڈیزایبل سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے ۔ محدود تعداد میں داخلہ کو لازمی کرتے ہوئے سماجی دوری کو برقرار رکھنا ہوگا۔ پولیس نے بتایا کہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کیلئے آرگنائزرس ہی ذمہ دار ہوں گے اور تمام شرائط پر سختی سے عمل ہوگا۔ ع