شہر کے نواحی علاقوں میں سڑک حادثات

   

۔5 افراد بشمول 2 مسلم نوجوان ہلاک ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول دو نوجوان ہلاک ہوگئے ۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 20 سالہ سلطان اور 25 سالہ شاہد کل رات دیاکر بھون کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ سلطان ایرا گڈہ اور شاہد بورا بنڈہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ دو نوجوان موٹر سائیکل پر بشیر باغ علاقہ سے گذر رہے تھے کہ ایک دوسری گاڑی نے ٹکر دے دی اس حادثہ میں دونوں نوجوان روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا کر برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ شیورام پولیس کے مطابق 16 سالہ رمیش جو پیشہ سے سرکاری ملازم تھا ۔ ڈی ایم ایچ او ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دیتا تھا اور ونستھلی پورم علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص کل موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل کا ٹائر پھٹنے کے سبب حادثہ پیش آیا اور اس حادثہ میں یہ سرکاری ملازم فوت ہوگیا ۔ ادی بٹلہ پولیس کے مطابق 17 سالہ ملیش جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا کیشٹم پیٹ علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل یہ نوجوان موٹر سایئکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں ملیش فوت ہوگیا ۔ ناچارم پولیس کے مطابق 85 سالہ سری چندرا جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ ناچارم علاقہ میں رہتا تھا ۔ 22 اپریل کے دن یہ شخص گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا ۔ اے ٹی ایم میں رقم منتقل کرنے والی گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔