حیدرآباد۔14نومبر(سیاست نیوز) شہر میں کالونیوں اور محلہ جات میں جہاں کبھی پارک اور میدان تھے ان کی تفصیلات تیار کی جائیں گی اور ان اراضیات کی بازیابی کے اقدامات کو تیز کیا جائے گا۔محکمہ بلدی نظم ونسق سے بلدیہ کو روانہ مکتوب میں کہا گیا کہ دونوں شہروں کے بلدی حدود میں پارک اور میدانوں کی تفصیلات روانہ کی جائیں اور ان میں جو پارک اور میدان موجود ہیں ان کی حالت و تفصیلات روانہ کی جائیں۔ذرائع کے مطابق شہر کے حدود میں ان پارکس اور میدانوں پر قبضہ جات کے متعلق حکومت نے تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کہا جا رہاہے کہ جن پارکس اور میدانوں پر قبضہ کیا جاچکا ہے انہیں واپس لینے قانونی چارہ جوئی کا منصوبہ ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے سال کے اختتام سے قبل ان کی نشاندہی کرکے تفصیلات روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کہا جار ہاہے جو پارکس اور میدان موجود ہیں ان کی تصویر اور جیو ٹیاگنگ کے اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ۔دونوں شہرو ںمیں جن پارکس اور میدانوں پر قبضہ کیا جاچکا ہے ان کی ملکیت کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کے موقف کی تبدیلی کی تحقیقات کی جائیں گی اور بلدیہ سے ان پر اپنی ملکیت کا دعویٰ پیش کرنے کے قانونی امور کا جائزہ لینے کے بعد قابضین کو نوٹس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔م
