شہر کے پرامن ماحول کو برقرار رکھنے اور غیرمصدقہ اطلاع پر بھروسہ نہ کرنے کی خواہش

   

شاہ علی بنڈہ میں پیس کمیٹی کا اجلاس، ڈی سی پی اسنیہا مہرہ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) ساؤتھ زون ڈی سی پی محترمہ اسنیہا مہرہ آئی پی ایس نے شاہ علی بنڈہ میں واقع کرسٹل گارڈن فنکشن ہال میں پیس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں محفوظ و ہم آہنگ کمیونٹی کی تعمیر کیلئے سب کو مل کر کام کرنے اور ایک دوسرے کا احترام کرنا اور پرامن طریقہ کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام سماج کا ایک اہم ستون ہے جو سماج میں ہونے والے برائیوں کو ختم کرنے کیلئے پولیس کا تعاون کریں۔ کسی بھی مقام پر مشکوک سرگرمی یا واقعات پیش آتے ہیں تو فوراً مقامی پولیس کو اطلاع کرکے اپنا رول ادا کرسکتے ہیں۔ محکمہ پولیس امن و امان کی برقراری اور تمام شہریوں کی حفاظت کیلئے ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ پوسٹنگ پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی، جس سے سماج میں تفرقہ پیدا ہوگا۔ اس سے ہمیں چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ پوسٹنگ کرنے پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ فرقہ وارانہ پروپگنڈہ کے خلاف بھی خبردار کرتے ہوئے ڈی سی پی نے کہا کہ شہر کی پرامن فضاء کو چند شرپسند مکدر کرنے کی کوشش میں ہیں۔ فرقہ وارانہ واقعات پیش آنے سے شہر کی فضاء خراب ہوگی اور ہر ایک پر اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔ ایسے پروپگنڈوں سے دور رہنے کی خواہش کی۔ اس اجلاس میں شیخ جہانگیر ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون، چندراشیکھر اے سی پی چارمینار، ایم اے جاوید اے سی پی فلک نما، وینکٹیشور راؤ اے سی پی میرچوک، سی ایچ چندراشیکھر اے سی پی چھتری ناکہ اور ساؤتھ زون ایس ایچ اوز وغیرہ موجود تھے۔ (ش)