حیدرآباد۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں تاجرین نے اپنے طور پر بازارو ںکو بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے ۔ بعض ایسے تاجرین جن کے گھروں میں لوگ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں انہوں نے اپنے کاروبار بند کرکے رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔تاجرین میں یہ احساس پیدا ہونے لگا ہے کہ کاروبار سے جو آمدنی ہورہی ہے اس سے زیادہ رقومات کورونا کی صورت میں دواخانہ میں ادا کرنی پڑرہی ہے اسی لئے کاروبار سے بہتر ہے کہ گھر میں محفوظ رہنے کی کوشش کی جائے ۔ دونوں شہروں کے کئی تاجرین نے ازخود لاک ڈاؤن کرکے حالات کے معمول پر آنے تک کاروبار کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک پیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر نے بتایا کہ سال گذشتہ کورونا وائرس کو سمجھنے میں دشواریوں کا سامنا تھا لیکن اب جس انداز میں اموات ہونے لگی ہیں اور ایک ہی گھر سے ایک سے زیادہ جنازے نکل رہے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے بھی اگر من مانی اور تجارت پر توجہ دی جاتی ہے تو حالات مزید سنگین ہوجائیں گے اسی لئے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے کاروبار کو حالات کے معمول پر آنے تک بندرکھیں گے ۔ سکندرآباد میں تجارت والے ایک تاجر نے بتایا کہ حکومت نے جو رویہ اختیار کیا ہے وہ خوفزدہ کئے ہوئے ہے اسی لئے وہ نہیں چاہتے کہ ان کے خاندان کوئی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہواسی لئے اپنے کاروبار کو بند کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔