شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر ڈرینج کا پانی

,

   

بلدی عملہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مصروف، دیگر محلوں کا کوئی پرسان حال نہیں

حیدرآباد : دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں ڈرینیج کے پانی کا بہاؤ جاری ہے جو کہ نشیبی علاقوں میں جمع پانی کا حصہ بنتے ہوئے گندگی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ شہر کے بیشتر تمام علاقوں کے ڈرینیج ابل پڑے ہیں کیونکہ بارش کے دوران پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ ساتھ ڈرینیج میں مٹی اور دیگر اشیاء جانے سے ڈرینیج نظام شدید متاثر ہوچکا ہے جس کے سبب ڈرینیج سے بہنے والا پانی بھی ابلنے لگا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاقوں میں موجود ڈرینیج نظام گذشتہ ایک ہفتہ سے ناکارہ بنا ہوا ہے کیونکہ مسلسل ہونے والی بارش کے پانی کے بہاؤ کیلئے اور ڈرینیج کے فضلہ کے بہاؤ کے لئے یکساں کام کرنے والے ان ڈرینیج میں مٹی اور کچہرا بھر جانے کے سبب پانی کا بہاؤ مشکل ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ڈرینیج ابلنے لگے ہیں اور اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں شکایات پر ان کا کہناہے کہ وہ شہر میں جاری ہنگامی حالات سے نمٹنے میں مصروف ہیں اسی لئے وہ اس جانب توجہ دینے سے قاصر ہیں جبکہ شہر میں اگر ڈرینیج کے پانی کو اسی طرح ابلنے کیلئے چھوڑ دیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں مزید سنگین حالات پیدا ہوسکتے ہیں اور ان سے نمٹنا جی ایچ ایم سی کیلئے مزید مشکل ہونے لگا سکتا ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کو متاثرہ علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد کے جن علاقو ںمیں ڈرینیج کا پانی مسلسل بہہ رہا ہے ان علاقوں میں ڈرینیج نظام کی صفائی کے ساتھ ساتھ کچہرے کی نکاسی کو ممکن بنانے کے اقدامات پر توجہ دینی چاہئے اگر اس صورتحال کو نظر انداز کیاجاتا ہے تو ایسی صورت میں شہر حیدرآباد کے کئی محلوں میں حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہوسکتے ہیں اور وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ دونوں شہروں کے کئی علاقوں بالخصوص ان علاقوں میں جہاں پانی کا بہاؤ تیز رہا ان علاقہ کے ڈرینیج غیر کارکرد ہونے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ اگر اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کرتے ہوئے ڈرینیج کی صفائی عمل میں نہیں لائی جاتی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں اور ان حالات کے سبب پھیلنے والی بیماریوں کو روکنا مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور تلنگانہ محکمہ صحت کیلئے مشکل ہوتا چلا جائے گا۔ جن علاقوں میں سیلاب کی صورتحال رہی ان علاقوں میںصفائی کے ساتھ ساتھ ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے علاوہ مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہاہے لیکن ڈرینیج نظام کو درست کرنے کیلئے کسی قسم کے اقدامات نہ کئے جانے سے اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی ڈرینیج ابلنے لگے ہیں۔