شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی و موسلا دھار بارش

   

آئندہ تین دن بارش کی پیش قیاسی، کئی اضلاع کیلئے ایلو الرٹ
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مسلسل تیسرے دن شہر میں سہ پہر اور شام میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر کے کئی علاقوں میں بھاری بارش کے نتیجہ میں عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور جگہ جگہ سڑکوں پر پانی جمع دیکھا گیا۔ کئی علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے بلدی حکام کو متحرک ہونا پڑا جس کے بعد ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہوسکی۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب آئندہ چند دنوں تک بارش کے جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں 2.5 ملی میٹر تا 15.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ ہفتہ کی رات شہر کے بعض علاقوں میں 98.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جن میں کرما گوڑہ اور سعید آباد منڈل کے علاقے شامل ہیں۔ آسمان گڑھ علاقہ میں 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سرورنگر، حمایت ساگر، چارمینار، حیات نگر اور اوپل کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ تین تا چار دنوں تک حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ جاری رہیگا۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے تمام اضلاع کیلئے ’ ایلو الرٹ ‘ جاری کیا ۔ R