شہر کے ہر زون میں بلدیہ کی جانب سے قرنطینہ مرکز کا قیام

   

حیدرآباد۔23جنوری(سیاست نیوز) شہر کے ہرزون میں بلدیہ کی جانب سے ایک قرنطینہ مرکز قائم کیا گیا ہے اور ہنگامی حالات میں ان تمام کو فوری کارکرد بنایا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی حدود میں فیور سروے کے ساتھ جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آشا ورکرس کے ساتھ تجربہ کار نرس کو رکھا جا رہاہے تاکہ فیور سروے میں مریضوں سے بات چیت اور ان کو ادویات لینے کے طریقہ کارو احتیاط کے متعلق واقف کروایا جاسکے۔ دونوں شہروں میں جی ایچ ایم سی حکام کی نگرانی میں فیور سروے کرنے والے عملہ کو سہولتوں اور ان کے گھر گھر سروے اور ریکارڈ کے اندراجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں اگر کسی محلہ یا علاقہ میں فیور سروے نہیں کیا جاسکا ہے تو شہری جی ایچ ایم سی ہیلپ لائن نمبر 040-21111111پر مطلع کرسکتے ہیں ۔ عہدیدارو ںکے مطابق سروے میں بلدی عملہ کی شمولیت کے فیصلہ کے ساتھ ہی گریٹر حدود میں فیور سروے کی ذمہ داری جی ایچ ایم سی کے حوالہ کی گئی ہے جو کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں اور انتظامیہ کی نگرانی میں جاری ہے۔ کورونا مریضوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے شہر میں 30 قرنطینہ مراکز کا قیام عمل میں لایا ہے اور ہنگامی حالات پر شہریوں کو قرنطینہ کرنے کی سہولت حاصل رہے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ قرنطینہ مراکز کے ساتھ آکسیجن سہولت فراہم کرنے کا بھی جائزہ لیا جاچکا ہے اور ضرورت پڑنے پر یہ سہولت بھی قرنطینہ مراکز کے ذریعہ فراہم کی جاسکتی ہے ۔ عہدیدارو ںنے تمام وارڈس اور زون کے عملہ کو فیور سروے میں تمام گھروں کا احاطہ کرنے اور ممکنہ حد تک سب کی جانچ کو یقینی بنانے کی ہدایات دی اور کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر طبی سہولتوں کی فراہمی میں بلدی عملہ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔م