شہر کے 142 مراکز پر 5 روپئے میں کھانے کی سربراہی

   

10 میونسپلٹیز میں اسکیم کو توسیع، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا اسمبلی میں بیان
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کارپوریشن کے حدود میں غریبوں کو 5 روپئے میں صاف ستھرا اور محفوظ کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایم کرشنا راؤ اور دوسروں کے سوال پر کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں فی الوقت 142 مراکز کام کررہے ہیں جن میں کنٹونمنٹ علاقہ کے 3 مرکز شامل ہیں۔ روزانہ ان مراکز سے کم از کم 40,000 افراد استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقوں اور وہاں کی ضرورتوں کے مطابق مزید مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس اسکیم کیلئے سالانہ 26 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ارکان نے اس طرح کے مراکز مزید قائم کرنے کی ضرورت ظاہر کی جس پر کے ٹی آر نے کہا کہ جہاں کہیں ضرورت ہو حکومت غریبوں کے حق میں مراکز قائم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی 10 سے زائد میونسپلٹیز میں 5 روپئے میں کھانے کی اسکیم متعارف کی گئی ہے۔