صبح 8 بجے آغاز، 30 مراکز کا قیام، سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی
حیدرآباد: الیکشن کمیشن نے 4 ڈسمبر کو گریٹر حیدرآباد چناؤ کی رائے شماری کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ووٹوںکی گنتی کا جمعہ کو صبح 8 بجے سے آغاز ہوگا اور 150 وارڈس کے ووٹوں کی گنتی کیلئے 30 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ 166 کاؤنٹنگ ہالس رہیں گے اور ہر وارڈ کی گنتی کیلئے 14 ٹیبل رہیں گے۔ ہر کاؤنٹنگ ہال میں ایک ریٹرننگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر نگارانکار ہوں گے ۔ ان کے علاوہ رائے شماری کیلئے مبصر موجود رہیں گے ۔ کاونٹنگ کے سلسلہ میں ہر امیدوار ہر ایک ٹیبل کیلئے اپنا ایجنٹ مقرر کرسکتا ہے ۔ رائے شماری کے عمل کی مکمل ویڈیو گرافی کی جائے گی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی رہے گی ۔ کاؤنٹنگ کیلئے ریلیف ایجنٹ کی گنجائش نہیں رہے گی اور کاؤنٹنگ ہال میں موبائیل لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پوسٹل بیالٹ کی گنتی پہلے ہوگی جس کے بعد بیالٹ باکسس میں موجود ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ بیالٹ پیپر دو مراحل میں گنے جائیں گے ۔ رائے شماری کی تکمیل کے بعد کاؤنٹنگ آبزرور کے کلیئرنس کے بعد نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ مشتبہ ووٹوں کے بارے میں ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ قطعی ہوگا۔کاونٹنگ ہال میں کورونا قواعدکی پابندی لازمی رہے گی۔اسی دوران اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی رائے شماری کے سلسلہ میں 31 مبصرین کا تقرر کیا ہے۔ سکریٹری اسٹیٹ الیکشن کمیشن اشوک کمار کے مطابق مبصرین 4 ڈسمبر کو رائے دہی کے موقع پر کاؤنٹنگ مراکز پر موجود رہیں گے اور رائے شماری کی نگرانی کریں گے۔ مبصرین کو کسی بھی صورت میں مبصرکی ذمہ داری سے استثنیٰ نہیں رہے گا۔ رائے دہی کے موقع پر جو عہدیدار مبصرین کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے ، انہیں رائے شماری کا مبصر مقرر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام مبصرین کا 3 ڈسمبر کو 11 بجے دن ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن کے دفتر میں اجلاس طلب کیا ہے۔ رائے شماری کے مبصرین میں ای سریدھر آئی اے ایس ، کے مانک راج آئی اے ایس، اے سری دیواسینا آئی اے ایس ، پریتی مینا آئی اے ایس، عائشہ مسرت خانم آئی اے ایس ، شاہنواز قاسم آئی پی ایس ، ایم سرینواسلو آئی پی ایس ، ڈاکٹر بی نوین کمار آئی پی ایس، سونی بالا دیوی آئی ایف ایس، بی شفیع اللہ آئی ایف ایس، ڈی بھیما آئی ایف ایس ، ڈی سیدلو آئی ایف ایس ،وی ایس پرساد آئی ایف ایس، ایم نگیش آر ڈی او سنگا ریڈی ، آر رمیش آر ڈی او، وی وکٹر آر ڈی او ، امبا داس راجیشور آر ڈی او، لنگیا نائک ، تروپتی راؤ اور دوسرے شامل ہیں۔