حیدرآباد۔21۔نومبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 1836 مراکز رائے دہی کو حساس قرار دیا گیا ہے۔انتخابی عہدیدارو ںکے مطابق جی ایچ ایم سی حدود کے 15 حلقوں کے 4119 مراکز رائے دہی پر 45 لاکھ 36ہزار 852ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ان 1836 حساس مراکز رائے دہی کے علاوہ اضافہ شدہ رائے دہندوں کے لئے قائم کئے جانے والے مراکز رائے دہی کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے ۔ذرائع کے مطابق ان حساس مراکز رائے دہی پر انتخابی عملہ کے علاوہ جو پولیس عہدیدار متعین کئے جائیں گے ان کی نگرانی مقامی پولیس عہدیداروں یا اہلکاروں کے پاس نہیں ہوگی اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے جن مراکز رائے دہی کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں حساس قرار دیئے جانے کی نمائندگی کی گئی تھی ان کا بھی جائزہ لینے کے بعد ہی یہ قطعی فہرست تیار کی گئی ہے جو کہ 1836 مراکز رائے دہی پر مشتمل ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ 4119 مراکز رائے دہی میں 1836 مراکز رائے دہی کو حساس قرار دئیے جانے کے بعد کہا جار ہاہے کہ قریب 50 فیصد مراکز حساس ہونے کے سبب ان مراکز پر نیم فوجی دستوں اور مرکزی ایجنسیوں کے سیکوریٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔