شہر کے 9 سرکلس میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی

   

غریب و مستحق افراد ہنوز حصول کارڈس کے لیے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : محکمہ سیول سپلائز مستحق افراد کو فوڈ سیکوریٹی کارڈس ( راشن کارڈ ) جاری کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔ ضلع حیدرآباد کی 9 سرکلس میں 10 ہزار راشن کارڈس جاری کئے جارہے ہیں جب کہ مزید ہزارہا درخواستیں زیر التواء ہیں ۔ غریب درخواست گذار حصول کارڈس کے لیے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماضی میں لاکھوں راشن کارڈ گیرندوں کو غیر مستحق قرار دیتے ہوئے ان کے راشن کارڈس کو مسدود کردیا گیا تھا ۔ سیول سپلائی عہدیداروں نے کارڈوں کی مسدودی پر تو توجہ دی تھی تاہم نئے کارڈس کے لیے درخواستوں کو قبول نہیں کیا گیا تھا یہاں تک کہ چہار جانب سے اعتراضات اٹھنے کے بعد سال گذشتہ ماہ اپریل سے جدید درخواستیں بذریعہ می سیوا سنٹرس وصول کی گئی تھیں ۔ اس طرح سی آر او کی حدود میں ہزاروں درخواستیں موصول ہونے کے باوجود نئے کارڈس جاری نہیں کئے گئے تھے اور جب ماہ اپریل میں درخواستیں قبول کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ماہ اپریل میں جملہ کارڈس کی تعداد 5,56,652 تھی اور ماہ جولائی میں کارڈس کی تعداد 5,56,869 تک پہونچ گئی تھی ۔ درخواستیں قبول کرنے کے بعد صرف 217 کارڈس جاری کئے گئے تھے بعد ازاں پھر ماہ اکتوبر کے بعد کارڈس کی اجرائی پر توجہ دی گئی تھی یہاں تک کہ ماہ دسمبر کے اختتام تک 10,014 کارڈس جاری کئے گئے ہیں ۔ اس کے باوجود تاحال نصف سے زائد درخواستیں زیر التواء ہیں اور درخواست گذار ہر روز سیول سپلائی دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں ۔ جب کہ سیول سپلائی افسران درخواستوں کی تنقیح کا بہانہ بنا رہے ہیں اور مزید آسان بہانا بتایا جارہا ہے کہ اسمبلی انتخابات کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے ۔۔