لندن۔18اکتوبر (یو این آئی) برطانیہ کے شاہی خاندان میں طویل تنازعات کے بعد شہزادہ اینڈرویو نے تمام شاہی اعزازات سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ اینڈریو نے بکنگھم پیلس کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ڈیوک آف یارک کے عنوان کے استعمال کو ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ اینڈریو نے اپنے خلاف الزامات کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف غیر اخلاقی اقدامات کے تحت مقدمات شاہی خاندان کے کام میں خلل ڈال رہے ہیں۔ اس لئے انہوں نے شاہی خاندان اور ملک کے مفاد میں القابات چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے ، شہزادہ اینڈریو کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ شاہ چارلس اور خاندان سے مشاورت کے بعد کیا ہے ۔ انہوں نے رائل وکٹورین آرڈر کے نائٹ گرینڈ کراس (GCVO) اور دی موسٹ نوبل آرڈر آف دی گارٹر کے رائل نائٹ کمپینین کے اعزازات بھی چھوڑ دیے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ان کا واحد باقی ماندہ لقب شہزادہ ہوگا، جو کہ ان کی ملکہ کے بیٹے کے طور پر پیدائش کی وجہ سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔ تکنیکی طور پر اینڈریو کے پاس ڈیوک کا لقب برقرار رہے گا۔