شہزادہ ولیم کی ڈانس شومیں سرپرائیز انٹری

   

لندن : 14 نومبر ( ایجنسیز ) برطانوی شہزادہ ولیم نے رئیلٹی شو ’ڈانسنگ ود دی اسٹارز‘ میں انٹری دے کر شرکاء کو حیران کر دیا۔شہزادہ ولیم نے ڈانس شو میں ویڈیو کال کے ذریعہ آنجہانی آسٹریلوی ماہر ماحولیات اسٹیو ارون کے بیٹے رابرٹ ارون کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔رابرٹ ارون کو ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب میں شرکت کیلیے برازیل جانا تھا لیکن چونکہ وہ اپنی پارٹنر وٹنی کارسن کے ساتھ ڈانس مقابلے میں حصّہ لینے کی وجہ سے نہیں جا سکے۔شہزادہ ولیم نے رابرٹ ارون سے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب آپ کہیں اور ڈانس کرنے میں مصروف ہیں مجھے آپ کی یہاں (برازیل) میں ضرورت ہے۔اْنہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ آپ کو جیتنے کا واقعی ایک زبردست موقع ملا ہے اور میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ 21 سالہ رابرٹ ارون ارتھ شاٹ پرائز کے سفیر ہیں جو کہ شہزادہ ولیم اور رائل فاؤنڈیشن کی طرف سے قائم کردہ ایک عالمی ماحولیاتی ایوارڈ ہے۔ یہ تنظیم ماحولیاتی چیلنجز کو حل کرنے کی کوششیں کرتی ہے اور فنڈز فراہم کرتی ہے۔