شہزادہ ہیری کا دادی کی پہلی برسی پر خصوصی خراجِ عقیدت

   

لندن : ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے اپنی آنجہانی دادی ملکہ الزبتھ دوم کو ان کی پہلی برسی کے موقع پر خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ شہزادہ ہیری نے گزشتہ روز برطانیہ میں منعقد کیے گئے ویل چائلڈ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کی۔ شہزادہ ہیری نے ویل چائلڈ ایوارڈز کی تقریب میں ملکہ الزبتھ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ انتقال کے ایک سال بعد میری دادی آج رات ہم سب کو یوں ایک ساتھ دیکھ کر بہت خوش ہیں اور اسی لیے ہم ایسی ناقابل یقین کمیونٹی کو نمایاں کرنا جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ میں پچھلے سال اپنی دادی کا انتقال ہوجانے کی وجہ سے ایوارڈز کی اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر وہ ہمارے درمیان ہوتیں تو وہی سب سے پہلے مجھ سے اصرار کرتیں کہ میں ان کے پاس جانے کے بجائے اس تقریب میں آپ سب کے ساتھ رہوں اور یہی وجہ ہے کہ میں جانتا ہوں کہ وہ آج رات اوپر سے ہم سب کو زمین پر ایک ساتھ دیکھ کر بہت خوش ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل 8 ستمبر کو لندن میں ویل چائلڈ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لیے تیار تھیلیکن جب ڈاکٹرز نے یہ بتایا کہ ملکہ الزبتھ کی زیادہ طبیعت ناساز ہے تو وہ اس تقریب میں شرکت کرنے کے بجائے بالمورل کیسل میں اپنی دادی کو دیکھنے کے لیے اسکاٹ لینڈ چلے گئے تھے جہاں علالت کے بعد ان کا انتقال ہوگیا تھا۔