ٹوکیو : برطانوی شہزادہ ہیری نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں ایشیائی ملک کی مہمان نوازی پسند ہے۔ ڈیوک آف سسیکس جوکہ آج کل جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں موجود ہیں، انہوں نے وہاں ایک پینل ڈسکشن کے دوران ایشیائی ممالک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی زندگی میں اب تک بہت سے خیراتی کاموں میں شامل رہا ہوں اور مجھے اس دوران زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کے لیے بہت سی رقم ملی، میری زندگی کا مقصد ہی فلاحی کام کرنا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے جاپانی قوم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی گرمجوشی، آپ کی شفقت، آپ کی سخاوت، جاپانی ثقافت کا ہر ایک عنصر واقعی منفرد اور بہت ہی خاص ہے۔ شہزادہ ہیری نے جاپان میں رہنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ میں نے یہ سب چار سال پہلے محسوس کیا تھا جب میں رگبی ورلڈ کپ کے لیے یہاں آیا تھا اور میں لگتا ہے کہ میں خوشی سے جاپان میں رہ سکتا ہوں۔