لندن : آنجہانی برطانوی شہزادی ڈائنا کی 25 ویں برسی سے چند روز قبل ان کے زیراستعمال رہنے والی گاڑی کی نیلامی ہوئی ہے جو ایک شہری نے ساڑھے چھ لاکھ پاؤنڈ (16 کروڑ 73 لاکھ 16 ہزار روپے) میں خریدی۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ کے مطابق نیلامی کا اہتمام کرنے والے ادارے سلورسٹون کا کہنا ہے کہ گاڑی 80 کی دہائی میں ڈائنا کے زیراستعمال رہی۔اس گاڑی کو لیڈی ڈائنا 1985 سے 1988 تک خود ڈرائیو کرتی رہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے کئی تصویریں بھی کھینچیں۔ ڈائنا زیادہ تر گاڑی خود ہی چلاتی تھیں جبکہ اس وقت ان کے ساتھ سکیورٹی والے بھی ہوتے تھے۔ نیلامی کرنے والی کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کالے رنگ کی فورڈ اسکارٹ آر ایس ٹربو کے لیے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر بولی لگائی۔آکشن ہاؤس کے مطابق ’برطانیہ کے رہائشی (جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے قیمت کی 12 اعشاریہ پانچ فیصد پریمیئم کے طور پر ادا کی۔‘برطانیہ اور دنیا بھر میں لیڈی ڈائناکے چاہنے والے 31 اگست کو ان کی 25 ویں برسی منائیں گے۔