ممبئی :سانس لینے میں تکلیف کے بعد ہاسپٹل میں داخل ہونے والے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی حالت مستحکم ہے مگر وہ ابھی تک آئی سی یو میں ہی ہیں۔ یہ اطلاع ان کی اہلیہ اور اپنے زمانے کی بہترین اداکارہ سائرہ بانو نے دی۔سائرہ بانو نے کہا، ’’دلیپ صاحب کی حالت اب بھی مستحکم ہے۔ وہ ابھی بھی آئی سی یو میں ہیں، ہم انہیں گھر لے جانا چاہتے ہیں مگر ہمیں اس کے لئے ڈاکٹروں کی اجازت کا انتظار ہے۔ وہ آج اسپتال سے ڈسچارج نہیں ہوں گے۔‘‘خیال رہے کہ دلیپ کمار کو 30 جون کو سانس لینے میں تکلیف کے بعد ممبئی کے پی ڈی ہندوجا ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ صحت یاب ہونے کے بعد گھر چلے گئے تھے لیکن کچھ روز بعد ہی دوبارہ ہاسپٹل میں شریک ہوئے ہیں۔