نئی دہلی : ہم محفوظ ہیں کیوں کہ ہمارے سپاہی ہمارا تحفظ کر رہے ہیں۔ کارگل میں ہزاروں فوجی شہید ہوئے ۔ انھوں نے ہمارے ملک کو بچایا۔ اب آپ کو اس ملک کو بنانا ہے ۔ آپ اس ملک کا مستقبل ہیں۔ یہ کل کے ڈاکٹر اور انجینئر ہیں۔ ملک کے لیے سپاہیوں کی طرح جینے کا عہد کریں اور اسے آگے بڑھائیں۔ ان خیالات کا اظہارلوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے دہلی کے اندرا گاندھی میدان میں کارگل وجے کی سلور جوبلی کے تحت منعقد ایلن شوریہ وندن پروگرام میں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل اور انجینئرنگ کے امتحانات کی تیاری کرنے والے 15 ہزار سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ زندگی اقدار کے بغیر ادھوری ہے ۔ تعلیم کے ساتھ اقدار کو جوڑ دیا جائے تو زندگی مکمل ہو جاتی ہے ۔ ایلن میں تعلیم کے ساتھ اقدار کو بھی ترجیح دی جاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج اتنی بڑی تعداد میں طلباء نے کارگل کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرنے کے لیے شرکت کی ہے ۔ نظم و ضبط اور ملک کے لیے جینے کا سبق شہداء اور فوجیوں کی زندگیوں سے سیکھنا چاہیے ۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے نے کہا کہ طلباء کو ملک کی جنگوں کی تاریخ معلوم ہونی چاہیے ، فوج کی بہادری کے بارے میں پڑھنا چاہیے اور قربانیوں سے سبق سیکھنا چاہیے ۔ فوج سے نظم و ضبط، عزم، حوصلے اور قربانی کا حوصلہ سیکھیں۔ فوجیوں کی زندگی ایک سبق ہے کہ وہ کس طرح اپنے خاندانوں سے ہزاروں کلومیٹر دور رہ کر ملک کی خدمت کے لیے خود کو وقف کر دیتے ہیں۔ پروگرام میں پرم ویر چکر جیتنے والے صوبیدار میجر آنریری کیپٹن یوگیندر سنگھ یادو نے کہا کہ ایلن کیرئیر انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے شہیدوں کے اہل خانہ کو دیا جانے والا یہ اعزاز ملک کے لیے ایک اعزاز ہے ، جس طرح ایک جنگجو ملک کے لیے لڑتا ہے ۔