شہید سنتوش بابوکی سوریا پیٹ میں آج آخری رسومات

,

   

سوریا پیٹ۔/17 جون، ( سیاست نیوز) لداخ میں چینی افواج کے ساتھ جھڑپ میں شہید تلنگانہ کے کرنل سنتوش بابو کی آخری رسومات سوریا پیٹ کے کیسا رام گاؤں میں جمعرات کی صبح ادا کی جائیں گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی نے بتایا کہ کرنل سنتوش بابو کی آخری رسومات سرکاری طور پر فوج اور حکومت کی جانب سے کوویڈ۔19 قواعد کے مطابق انجام دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی میجرس اور اعلیٰ عہدیدار آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ ڈی ایس پی بھاسکرن نے بتایا کہ سنتوش بابو کی آخری رسومات کے موقع پر پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں۔ کئی اہم شخصیتوں اور قائدین نے کرنل سنتوش بابو کی سوریا پیٹ میں واقع رہائش گاہ پہنچ کر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور والدین اوپیندر اور منجولا کے علاوہ دیگر ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ ضلع نلگنڈہ میں عوام نے کرنل سنتوش بابو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے موم بتیوں کے ساتھ ریلیاں نکالیں۔ بعض مقامات پر اے بی وی پی کے نمائندوں نے چین کے علامتی پتلے نذرِ آتش کئے۔ ان قائدین نے کہا کہ کرنل سنتوش بابو نے مادرِ وطن کیلئے عظیم قربانی دی اور چینی افواج کے ساتھ جھڑپ میں شہید کا درجہ پایا۔ کرنل سنتوش بابو کے علاوہ دیگر 19 ہندوستانی فوجیوں نے بھی اپنے ملک کیلئے شہادت پائی۔ شہید فوجیوں کی قربانیوں کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔