شہید فوجیوں میں 12 کا یو پی اور 5 کا راجستھان سے تعلق

   

لکھنؤ۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے ہندوستانی فوجیوں میں 12 کا تعلق اترپردیش سے ہے۔ جبکہ 5 شہیدوں کا تعلق راجستھان سے اور بہار، کیرالا و کرناٹک سے ایک ایک فوجی کا تعلق ہے۔ اترپردیش میں فوجیوں کی شہادت کے بعد ان سارے علاقوں میں غم و غصہ کا ماحول ہے جہاں سے ان فوجیوں کا تعلق ہے۔ اترپردیش کے 12 سی آر پی ایف جوانوں کے گھروں میں ماتم کا ماحول ہے۔ ان کے والدین، بیواؤں اور یتیم بچوں نے تخریب کاری کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ ہر مقام پر مخالف پاکستان نعرے لگائے جارہے ہیں۔ دوریا ضلع کے جے دیو چھاپیا گاوں میں جہاں سے 92 بٹالین کے 30 سالہ وجئے کمار موریا کا تعلق ہے، یہاں گاؤں کے تمام افراد خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مخالف پاکستان نعرے لگا رہے ہیں۔ شہید فوجی کی بیوہ وجئے لکشمی نے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کی قربانی کے بدلے وہ دشمن کے 10 سروں کا مطالبہ کرتی ہے۔ لکشمی کو 18 ماہ کی بیٹی بھی ہے۔ 45 سی آر پی ایف بٹالین کے کمار یادو کے بڑے بھائی برجیش یادو نے کہا کہ وہ بھی حکومت سے جوابی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دوسری جانب راجستھان سے تعلق رکھنے والے 5 فوجی جوانوں کے گھروں اور محلوں میں بھی ماتم کا ماحول ہے اور ان کے افراد خاندان نے بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ راجستھان سے تعلق رکھنے والے روہیش لامبا، ہیمراج مینا، بھگیرت کسانا، جانا رام اور نارائن گرجر دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے ہیں۔ ان کے اہل و عیال اور دیگر افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں اور اس کی پشت پناہی کرنے والے ملک پاکستان کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے اور انہوں نے حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء ریاستی حکومت نے شہید فوجیوں کے خاندان کو فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور جانے والی انڈو۔پاک بس کے پاس احتجاج
پھگواڑہ ، 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں انڈو۔پاک بس سرویس کو ختم کردینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دائیں بازو کی تنظیم شیوسینا (ہندوستان) کے ارکان نے لاہور جانے والی ’صدائے سرحد‘ بس میں اپنے سیاہ جیکٹس اور ٹی شرٹس لہرائے جبکہ پولیس نے اُن کے پاس سے سیاہ پرچم لے لئے تھے۔