پٹنہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے چیک حوالے کئے، نتیش کمار اور تیجسوی یادو نے تلنگانہ حکومت سے اظہار تشکر کیا
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو کی موجودگی میں سرحد پر چینی افواج سے جھڑپ میں شہید ہونے والے بہار کے فوجی جوانوں اور حیدرآباد میں ٹمبر ڈپو میں آتشزدگی واقعہ میں فوت ہونے والے بہار کے مزدوروں کے افراد خاندان میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ شہید پانچ فوجی جوانوں کے پسماندگان کو فی کس 10 لاکھ روپئے جبکہ فوت ہونے والے 12 بہاری مزدوروں کے افراد خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپئے کا امدادی چیک حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر تلنگانہ کے چیف سکریٹری سومیش کمار، سابق اسپیکر اسمبلی مدھو سدھن چاری، رکن کونسل اور صدر رعیتو بندھو سمیتی پی راجیشور ریڈی، جنرل سکریٹری ٹی آر ایس شراون کمار ریڈی، سابق میئر کریم نگر رویندر سنگھ اور کسانوں کی قومی تنظیموں کے نمائندے موجود تھے۔ ایک روزہ دورہ پر بہار پہنچنے والے چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے وفد کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سرحد پر گلوان وادی میں چینی افواج سے جھڑپ میں شہید ہونے والے بہار کے فوجی جوانوں میں حولدار سنیل، کندن کمار، امن کمار، چندن کمار اور جئے کشور شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے شہید جوانوں کے افراد خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت ملک پر جان نچھاور کرنے والوں کے خاندانوں کی قدر کرتی ہے۔ حیدرآباد میں حالیہ دنوں میں ٹمبر ڈپو میں آتشزدگی واقعہ میں بہار کے 12 مزدور فوت ہوئے تھے۔ سکندر رامی، دنیش کمار، بٹو کمار، دیپک رام، ستیندر کمار، چٹی لال رام، راجیش کمار، انکج کمار رام ، پریم کمار ، سیتو مہالدار، دامودر مہالدار اور راجیش کمار مہالدار کے پسماندگان کو فی کس 5 لاکھ روپئے کا چیک ایکس گریشیا کی شکل میں حوالے کیا گیا۔ فوجی جوانوں اور بہاری مزدوروں کے افراد خاندان نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ چیک حوالے کرنے کی تقریب میں فوجی جوانوں اور بہار کے مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ر