متوفی کے ورثاء کو فوری امداد جاری کرنے حکومت سے منیر احمد کا مطالبہ
اوٹکور۔ بڑی حیرت کی بات ہے کہ اس ملک کے تحفظ کیلئے اپنی جان عزیز کو قربان کرنے والی شخصیت شہیدفوجی شاکر حسین کا مرکزی سطح اور ریاستی سطح پر بھی کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہارالحاج محمد منیر احمد فاروقی جنرل سکریٹری ضلع کانگریس نے کیا۔ تلنگانہ حکومت کے سربراہ اور چیف منسٹر جناب چندر شیکھر راؤ کو چاہیئے کہ اپنی بھرپور امداد کرتے ہوئے افراد خاندان میں سرکاری نوکریاں دیں۔ اس سے شاکر حسین کی بیوہ اور بچوں کے ساتھ تلنگانہ حکومت کے سوتیلے پن کا پتہ چلتا ہے۔ صرف ووٹوں کیلئے مسلمانوں سے ہمدردی ہے، ملک کے لئے اپنی جان کو قربان کرنے کا وزیر اعلیٰ کے پاس کوئی احساس نہیں ہے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پوری تفصیلات کے ساتھ شہید فوجی شاکر حسین سے انصاف کیا جائے ورنہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شہیدوں کے یتیم بچے اور ضعیف والدین کسمپرسی کا شکار ہیں گھر میں ایک گہرا صدمہ ہے۔ جناب منیر احمد فاروقی نے بڑے ہی مسرت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اخبار سیاست کے ذریعہ جو رہنمائی اور شہید وطن شاکر حسین کیلئے جو انتھک کوشش کی ہے گہرے دل کے ساتھ دعا کی اور کہا کہ اخبار سیاست نے ہمیشہ سے ہی عوام کی خدمت کا جذبہ رکھا ہے۔ یہ اخبار ہی نہیں بلکہ یتیموں اور غریبوں اور مجبور لوگوں کے دل کی دھڑکن ہے۔ اللہ تعالیٰ اخبار سیاست کے عملے کو اور ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔ اس موقع پر سینئر ایڈوکیٹ منور احمد، مظہر احمد ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر نے بھی فوجی شاکر حسین کے مسئلہ کو حل کرنے کی پرزور اپیل کی۔