شہید فوجی کے ورثاء کیلئے ایک کروڑ امداد کا اعلان

   

ڈپٹی چیف منسٹر کا دیگلور دورہ ، متاثرہ خاندان سے ملاقات ، فوری مکانات فراہمی کے احکام
دیگلور۔13 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جموں کشمیر میں گہری کھائی میں حادثہ کا شکار ہوکر شہید ہونے والے فوجی نوجوان سچین یادؤراؤ وننجئے ساکن تملور حال مقیم دیگلور کا خاندان انتہائی غریب اور کسم پرسی کا شکار ہے انہیں فی الفور امداد دینا لازمی ہے ، مہاراشٹراکے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر اجیت دادا پوار شہید جوان سچین کے گھر پر دیگلور میں ملاقات کی انہوں نے ایک ٹین شیڈ میں گزارا کرنے والی اس فیملی کے ملک کی خدمت و وفاداری پر رشک کیا ۔ انہوں نے فیملی کو پرسہ دیتے ہوئے شہید فوجی سچین کے والد یادوراؤ، اور اسکی والدہ اور بیوہ سے وعدہ کیا کہ ان سے جتنا ممکن ہو سکے وہ اس متاثرہ فیملی کی مدد کریں گے ۔ چنانچہ انہوں نے ضلع کلکٹر ناندیڑ کو فی الفور احکامات جاری کیے کہ ’’ماتا رمائی گھر کل یوجنا‘‘ سرکاری اسکیم کے تحت فیملی کو جلد سے جلد مکان مہیا کیا جائے۔ بعد ازاں موضع چوہان واڑی میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے فوجی سچین یادؤراؤ وننجئے کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتنی غربت،کسم پرسی کی حالت میں اعلیٰ تعلیم گریجویشن حاصل کرنا اور پھر اپنے ملک کے لیے قربان ہونے والے نوجوان کی خدمات کو حکومت مہاراشٹرااحترام کرتی ہے ،اور انہوں نے حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپئے مدد کا اعلان کیا ۔ اسی طرح سے شہید جوان سچین کی بیوہ کو ان کی قابلیت کے اعتبار سے سرکاری نوکری پر رجوع ہونے کے احکامات جاری کیے جانے کا تیقن دیا۔ اسی طرح سے اندرون 15 یوم ’’ فیملی پینشن‘‘ بھی جاری کیے جانے کے احکامات انہوں نے متعلقہ عہدیداران کو دیئے ہیں۔