آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اراکین کا مطالبہ
حیدرآباد: سکریٹریٹ کی مساجد کو حکومت کی جانب سے شہید کرنا جہاں غیر جمہوری و غیر قانونی ہے ، وہی امت مسلمہ کیلئے افسوسناک تکلیف دہ رنج و غم و صدمہ کا باعث ہے ۔ مسجد اللہ کا گھر ہے ، اسے نہ کسی کو تحفہ میں دیا جاسکتا ہے نہ کسی اور جگہ منتقل کیا جاسکتا ہے ، نہ کسی حصہ کو خارج کیا جاسکتا ہے ۔ کسی جگہ پر ا یک مرتبہ مسجد بن جانے کے بعد زمین سے لے کر آسمان اور زمین سے نیچے تحت الثری تک تاقیامت مسجد ہے ۔ مسلم پرسنل لا بورڈ اراکین نے کہا کہ مسلم سماج میں مسجد کو بنیادی اہمیت ہے ۔ وہ مسلم سماج کا محور ہیں، مسجدوں کو دینی ایمانی اسلامی و سماجی مقام حاصل ہے ، ان کی حیثیت کو وقف بورڈ اور مسلمان بھی نہیں بدل سکتے۔ مساجد کا انہدام مسلمانوں کے بنیادی عقیدہ کے خلاف ہے ، مسلم پرسنل لا بورڈ مطالبہ کرتا ہے کہ فوری مساجد کو دوبارہ تعمیر کیا جائے ۔ بیان جاری کرنے والوں میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا مفتی خلیل احمد ، بیرسٹر اسداویسی ، مولانا رحیم الدین انصاری ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام ا لدین حسینی، مولانا سید قبول بادشاہ شطاری ، مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل، مولانا سید شاہ مصطفی حسین بخاری ، مولانا مسعود حسین مجتہدی ، جناب ڈاکٹر مشتاق، محترمہ ڈاکٹر اسماء زہرا، محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی، محترمہ سیدہ عائشہ طیبہ ، محترمہ تہنیت اطہر شامل ہیں۔
