شہید میجرکی بیوی فوج میں شامل ہونگی، امتحان میں اعلیٰ نمبرات سے کامیاب

   

چینائی ۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام )شہید میجرپرساد مہادک کی 32 سالہ بیوی گوری مہادک جلد ہی ہندوستانی فوج میں شامل ہوجائیں گی۔ انہوں نے اسے اپنے شہید شوہرمہادک کو خراج عقیدت پیش کرنا بتایا ہے۔ میجرمہادک سال 2017 کے دسمبرمیں ہند۔ چین سرحد ڈرواقع توانگ میں شہید ہوگئے تھے۔ آفیسرٹریننگ اکیڈمی چینائی میں ٹریننگ ہونے کے بعد گوری بطورلیفٹیننٹ آئندہ سال ہندوستانی فوج میں شامل ہوجائیں گی۔ گوری نے کہا کہ مجھے جنگی بیواوں (واروڈوز) کے لئے غیرتکنیکی زمرے میں لیفٹیننٹ کے طورپرتعینات کیا جائیگا۔ گوری ان 16 امیدواروں میں سے ایک ہیں، جوسروس سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) کے امتحانات میں شامل ہوئیں اورامتحان میں ٹاپ کرکے چینائی واقع او ٹی اے میں ٹریننگ کے لئے کوالیفائی کیا۔ اپریل 2019 سے گوری کی 49 ہفتوں کی ٹریننگ شروع ہوگی اوروہ مارچ 2020 میں فوج میں شامل ہوجائیں گی۔ گوری نے کہا کہ ایس ایس بی امتحانات حفاظتی اہلکاروں کی بیواوں کے لئے منعقد کئے گئے تھے ۔ بنگلورو، بھوپال اورالہ آباد کے 16 امیدواروں نے امتحان میں کامیابی حاصلکی ہے۔ گوری نے کہا کہ ہمیں مشترکہ دفاعی خدمات (جوائنٹ ڈیفنس سروس) کے ذریعہ منعقدہ تحریری امتحان سے چھوٹ دی گئی۔ ہم راست بھوپال میں تقرری امتحان کے لئے حاضرہوئے۔ گوری کیلئے یہ سفرایک خوشگواراتفاق بھی تھا۔ گوری نے کہا بھوپال امتحانی مراکزمیں مجھے وہی چیسٹ نمبر-28 ملا جومیرے شوہرکواوٹی اے کے انتخاب سے قبل مختص کیا گیا تھا۔