شہید پرمود کے اہل خانہ سے ڈی جی پی کی ملاقات

   

محکمہ پولیس کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا تیقن ، ایک کروڑ ایکس گریشاء کا اعادہ
نظام آباد۔21 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر شودھر ریڈی آج نظام آباد پہنچ کر سی سی ایس کانسٹیبل پرمود کمار کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کی۔ ڈی جی پی نے شہید کانسٹیبل پرمود کی تصویر پر پھولوں کی مالا چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا اور مقتول کی بیوہ سے ملاقات کے دوران انہیں پولیس محکمہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر آئی جی ملٹی زون وجے کمار، آئی جی ایس چندرشیکھر ریڈی، ضلع کلکٹر مسٹر ٹی وِنئے کرشنا ریڈی، پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا،رکن اسمبلی نظام آباد رورل مسٹر بھوپت ریڈی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ڈی جی پی شودھر ریڈی نے بیوہ کو تسلی دی اور حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے گزشتہ روز کیے گئے اعلان کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ ایک کروڑ روپے بطور ایکس گریشیا اور دیگر ریلیف سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ اس موقع پر تلنگانہ پولیس کی جانب سے شہداء کے اہلِ خانہ کو اعزازی سندیں، یادگاری شیلڈز اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے جبکہ ضلع سطح پر شہداء کے خاندانوں کے لیے دیگر امدادی انتظامات اور کفالت کے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی پی کے ہمراہ تلنگانہ پولیس افسروں کی ایسوسی ایشن کے صدر وی گوپی ریڈی، پولیس ویلفیئر لائزننگ آفیسر سنواس ریڈی، حیدرآباد سٹی پریزیڈنٹ شنکر ریڈی اور نظام آباد پولیس افسران ایسوسی ایشن کے صدر محمد شکیل پاشاہ سمیت متعدد سرکردہ افسر موجود تھے۔ اس موقع پر افسران نے کہا کہ محکمہ پولیس شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا اور ان کو فوری مالی و سماجی سہولتیں فراہم کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس نے مقامی رہنماؤں اور متاثرہ خاندان کو آئندہ بھی ضروری امداد، قانونی و رہائشی تعاون اور روزگار سے متعلق سہولتوں کے بارے میں آگاہ رکھنے کا ظاہر کیا۔