شہید کرنل سنتوش بابو کے افراد خاندان کو اتم کمار ریڈی کا پرسہ

,

   

سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی جانب سے تعزیتی پایامات
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنتیا نے سوریا پیٹ سے تعلق رکھنے والے کرنل سنتوش بابو کی سرحد پر چینی افواج سے جھڑپ میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ اتم کمار ریڈی نے اپنی شریک حیات سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی کے ہمراہ سوریا پیٹ میں شہید سنتوش بابو کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سنتوش نے اپنی جان قربان کردی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے یاد دلایا کہ وہ خود بھی اسی ملٹری ٹریننگ اسکول کے تربیت یافتہ ہیں جہاں سے سنتوش نے تربیت حاصل کی تھی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے خاندان کی ہر ممکن مدد کی مساعی کریں گے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے سنتوش کے افراد خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسی دوران صدر کانگریس سونیا گاندھی اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے شہید سنتوش کی بیوہ کے نام تعزیتی پیامات روانہ کئے اور ارکان خاندان سے اظہار ہمدردی کیا۔ ان قائدین نے کہا کہ سارا ملک شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کررہا ہے۔ سنتوش نے حب الوطنی کی جو مثال پیش کی ہے اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی سنتوش بابو کے ارکان خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کل آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے سنتوش کے افراد خاندان کو دو کروڑ روپئے کی امداد اور ان کی بیوہ کو گروپ۔I ملازمت کا مطالبہ کیا۔