شیبو سورین کو خراج عقیدت کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی

   

نئی دہلی, 4 اگست (یو این آئی) راجیہ سبھا نے پیر کو اپنے موجودہ رکن اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ ڈپٹی چیرمین ہری ونش نے ارکان سے کہا کہ وہ بڑے دکھ کے ساتھ ارکان کو مطلع کرتے ہیں کہ ایوان کے موجودہ رکن شیبو سورین کا آج انتقال ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ سورین ایک معروف سماجی اور ممتاز قبائلی رہنما تھے ۔ وہ عام لوگوں میں دشوم گروجی کے نام سے جانے جاتے تھے ۔ انہوں نے زندگی بھر محروموں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا۔ وہ آٹھ بار لوک سبھا اور تین بار راجیہ سبھا کے رکن رہے ۔ اس کے علاوہ وہ مرکزی حکومت میں کوئلہ کے وزیر بھی رہے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں سماجی انصاف اور دیہی ترقی جیسے موضوعات پر بحث میں اہم حصہ لیا۔ ڈپٹی چیرمین نے کہا کہ سورین نے علیحدہ جھارکھنڈ ریاست کے قیام سے متعلق تحریک میں اہم رول ادا کیا اور تین بار ریاست کے وزیر اعلیٰ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سورین کے انتقال سے ملک نے ایک تجربہ کار رکن پارلیمنٹ اور قبائلی حقوق کے علمبردار کو کھو دیا ہے۔