حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ حکام نے شیتل ریفائنریز لمیٹیڈ اور اُس کے منیجنگ ڈائرکٹر جیتندر کمار اگروال کے 43.25 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات کو قرق کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی بنگلور کی جانب سے درج کئے گئے ایف آئی آر جس میں 87 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا مقدمہ ہے، کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ اب تک کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ شیتل ریفائنریز اور اُس کے منیجنگ ڈائرکٹر جیتندر کمار اگروال نے اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد اور پنجاب نیشنل بینک حیدرآباد برانچ سے فرضی اور جعلسازی کے ذریعہ انوائس اور دیگر دستاویزات داخل کرتے ہوئے 146 کروڑ روپئے قرض حاصل کیا تھا۔ سابق میں ای ڈی حکام نے 8.30 کروڑ اثاثہ جات قرق کیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔ب