کولکاتا 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے ساتھ آج یہاں گھنٹہ بھر طویل خیرسگالی ملاقات کی اور مختلف نوعیت کے باہمی مسائل پر بات چیت کی۔ دفتر وزیراعظم بنگلہ دیش یا سی ایم او کی طرف سے اِس میٹنگ کے موضوعات پر تفصیل کا انکشاف نہیں کیا گیا۔ یہ بھی پتہ نہیں کہ آیا دریائے تیستا کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر دونوں قائدین نے بات کی ہے یا نہیں۔ نئی دہلی اور ڈھاکہ دونوں سپٹمبر 2011 ء سے اِس معاملہ میں معاہدہ طے کرلینے کے لئے کوشاں ہیں۔ ممتا بنرجی اِس مسئلہ کی کلیدی فریق ہیں کیوں کہ وہ مغربی بنگال میں برسر اقتدار ہیں۔ وہ معاہدہ کی مخالف رہی ہیں کیوں کہ اُن کا ماننا ہے کہ اِس سے ریاست کے عوام متاثر ہوں گے۔ اُنھوں نے چند سال قبل وزیراعظم منموہن سنگھ کے ساتھ ڈھاکہ کے دورہ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ میٹنگ سے باہر آتے ہوئے جو شام میں ایک ہوٹل میں حسینہ کے سوئٹ میں منعقد ہوئی، وزیراعظم بنگلہ دیش نے منتظر میڈیا کو بتایا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات چاہتی ہیں اور یہ بھی کہ باہمی روابط پھلتے پھولتے رہیں۔ ہم ہمیشہ ہندوستان کے شکرگذار رہیں گے کہ اُس نے ہماری جنگ آزادی کے دوران اہم رول ادا کیا۔