ہند ۔ بنگلہ دیش مشترکہ اُمور و مسائل پر تبادلہ خیال کے بعد پرینکا کا ٹوئٹ
نئی دہلی 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ سے اتوار کو یہاں ملاقات کی اور دونوں ملکوں سے متعلق اُمور و مسائل پر گفت و شنید کی۔ وزیراعظم شیخ حسینہ سے نصف گھنٹہ تک ملاقات و بات چیت کے دوران کانگریس کے سینئر لیڈر آنند شرما اور ان کی پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔ پرینکا گاندھی نے شیخ حسینہ سے ملاقات کے بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ ’شیخ حسینہ جی سے ملاقات و مصافحہ ہوا۔ جس کا مَیں ایک طویل عرصہ سے انتظار کررہی تھیں۔ ہم نے شخصی آلام و مصائب سے اُبھرنے کی جدوجہد کے لئے ان کی طاقت اور جراتمندی پر ان کا ایقان میرے لئے ہمیشہ ہی ترغیب و رہنمائی کا ذریعہ رہا ہے‘۔
سونیا گاندھی کو بنگلہ دیش آنے کی دعوت
نئی دہلی ۔ /6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی بنگلہ دیش کی آزادی کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گی۔ کانگریس نے اتوار کے روز یہاں جاری بیان میں کہا کہ ہندوستان کے چار روزہ دورے پر یہاں آئیں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے سونیا گاندھی کو 16 دسمبر کو بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریب میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے سونیا گاندھی کے ساتھ ہی اس تقریب میں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ حسینہ نے اتوار کے روز سونیا گاندھی کو یہ دعوت اس وقت دی، جب کانگریس صدر نے ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔