ڈھاکہ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے بی این پی کی قیادت والے اتحاد سے تعلق رکھنے والے 9 ارکان کو سزائے موت اور دیگر 25 افراد کو وزیراعظم شیخ حسینہ پر 25 سال قبل قاتلانہ حملے کرنے کی پاداش میں سزائے عمر قید سنائی۔ اس وقت شیخ حسینہ اپوزیشن قائد تھیں اور 23 ستمبر 1994ء کو موصوفہ ملک گیر دورہ پر انتخابی مہم چلا رہی تھیں جس کے لئے انہوں نے ٹرین کے سفر بھی کئے۔ ایسے ہی ایک سفر کے دوران ٹرین کے جس ڈبے میں موصوفہ موجود تھیں، اس پر حملہ کیا گیا تھا۔ اس مقام کا نام ایشورڈی تھا۔ اس حملے میں شیخ حسینہ بال بال بچ گئی تھیں۔ اس وقت ملک میں ان کی کٹر سیاسی حریف خالدہ ضیاء کی حکومت تھی۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد بی این پی ورکرس نے عدالت کی عمارت کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ حکمراں عوامی لیگ کے ارکان نے علیحدہ جلوس نکالتے ہوئے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ یاد رہے کہ شیخ حسینہ اِس وقت چین کے دورہ پر ہیں۔