شیخ حسینہ پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کا الزام

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی ایک تصویر دنیا بھر کے میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ اس تصویر میں اْنہیں ٹشو پیپر کی مدد سے آنسو پونچھتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ تصویر بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے کچھ دور واقع میرپور شہر کے میٹرو اسٹیشن کی ہے۔ حالیہ طلبہ تحریک کے دوران پْرتشدد ہنگاموں کے دوران اس میٹرو اسٹیشن پر بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ شیخ حسینہ واجد نے جمعرات کو اعلیٰ حکام کے ساتھ میرپور میٹرو اسٹیشن کا دورہ کیا تھا۔ وہاں توڑ پھوڑ دیکھ کر وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائیں اور رونے لگیں۔ روتے روتے انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت پہنچانے والی چیزوں کو تباہ کرنے کی ذہنیت کہاں سے آتی ہے۔ اْن کے ریمارکس کو بنگلہ دیشی میڈیا نے بڑھا چڑھاکر پیش کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیخ حسینہ کے ریمارکس پر شدید نکتہ چینی کی جارہی ہے۔ مخالفین اور ناقدین کہتے ہیں کہ وہ رو نہیں رہیں بلکہ ٹسوے بہارہی ہیں۔ یہ تو مگرمچھ کے آنسو ہیں۔ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کو اس حال تک عوامی لیگ کی پالیسیوں ہی نے پہنچایا ہے جو ڈیڑھ عشرے سے اقتدار پر قابض ہے۔