ایوارڈ کی میڈیا ایڈوائزر ڈاکٹر حنان الفیاض‘عبید طاہر پروفیسر عبدالماجد القاضی اور دیگر کی ویبنار میں شرکت
نئی دہلی/ دوحہ: شیخ حمد ایوارڈ برائے ترجمہ اور بین الاقوامی مفاہمت کی تقریبات کے ضمن میں ہر سال ایوارڈ کی میڈیا کمیٹی ، ایوارڈ کے لیے منتخب کی گئی زبانوں میں عربی ترجمے کی صورتحال کو سامنے لانے کے لیے مذاکروں اور سیمیناروں کا اہتمام کرتی ہے ۔ اسی ضمن میں ہندوستان میں عربی سے اردو اور اردو سے عربی ترجمے کی موجودہ اور تاریخی صورتحال اور اس حوالے سے افراد اور اداروں کی خدمات اور در پیش مشکلات کے موضوع پر شاندار علمی آن لائن مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں شیخ حمد ایوارڈ کی میڈیا ایڈوائزر ڈاکٹر حنان الفیاض نے بذات خود شرکت کی۔ ویبنار کی نظامت میڈیا پرسنالٹی اور ترجمہ نگار عبید طاہر نے کی جبکہ شرکا میں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں عربی شعبے کے صدر اور صدارتی ایوارڈ یافتہ پروفیسر عبدالماجد القاضی اور شعبے کے سابق سربراہ پروفیسر حبیب اللہ خان، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبئہ عربی کے پروفیسر صدارتی تمغے سے سرفراز ثناء اللہ ندوي اور جے این یو میں اسلامی اور افریقی اسٹڈیز سینٹر کے سابق سربراہ اور صدارتی ایوارڈ یافتہ پروفیسر مجیب الرحمن شامل تھے ۔ پروفیسر حبیب اللہ خان نے ہندوستان میں تراجم کے سلسلے میں اداروں اور افراد کی خدمات کا جائزہ لیا اور بتایا کہ اٹھارہ ہزار سے زیادہ کتابیں اداروں کی سطح پر عربی سے ترجمہ کی گئی ہیں جبکہ شخصی خدمات کا اندازہ لگانا ممکن ہی نہیں ہے ۔ پروفیسر مجیب الرحمن نے اپنی ریسرچ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نوے فیصد تراجم عربی سے اردو میں کیے گئے ہیں جبکہ صرف دس فیصد اردو سے عربی میں کیے گئے ہیں، انہوں نے اسکے اسباب اور تدارک کے ذرائع پر بھی روشنی ڈالی۔ ویبنار کے تیسرے موضوع یعنی ترجمے کے میدان میں ذاتی تجربات کو پروفیسر ثنااللہ ندوی نے موضوع گفتگو بنایا اور کہا کہ مترجم کے لیے ضروری ہے کہ وہ دونوں زبانوں پر مہارت کے ساتھ ساتھ اصل متن کے موضوع سے بھی واقفیت رکھتا ہو مثال کے طور پر اگر فن معماری کی کتاب ہے تو اس فن کی اصطلاحوں اور ناموں کے متعلق اس کو پوری معلومات ہوں اور اسی طرح دیگر علوم و فنون ہیں۔ ویبنار کے آخری مقرر پروفیسر عبدالماجد قاضی نے درست ترجمے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا علمی اور تحقیقی جائزہ لیا اور بالخصوص شعری ترجمہ کرتے ہوئے ممکنہ پریشانیوں کی وضاحت کی اور مثالوں کے ذریعے واضح کیا کہ ایک لفظ کے ادھر اُدھر ہونے سے کس طرح اصل متن کی روح ختم ہوسکتی ہے ۔ ویبنار کے آخر میں ایوارڈ کمیٹی کی میڈیا ایڈوائزر ڈاکٹر حنان الفیاض نے مقررین کی سیر حاصل گفتگو پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایوارڈ کے ویژن ، مقاصد ، شرائط اور اسکی مالیت اور تقسیم کے طریقئہ کار پر روشنی ڈالی، جس کے بعد ویبنار کے ناظم اور پاک و ہند کے لیے میڈیا کمیٹی کے کوارڈینیٹر عبید طاہر نے تمام شرکا اور آن لائن دیکھنے والے تقریبا چار ہزار ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے علمی مذاکرے کے اختتام کا اعلان کیا۔ ایوارڈ میں شرکت اور تفصیلات کے لیے www.hta.wa ملاحظہ کریں۔