دوحہ ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قطر کے حکمراں نے منگل کے روز نئے وزیراعظم کی تقرری عمل میں لاتے ہوئے ملک کے سینئر قائد شیخ عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی کو عہدہ سے دستبردار کردیا۔ اب تک اس تبدیلی کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی ہے اور یہ بھی واضح نہیں ہیکہ آیا شیخ عبداللہ وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد وزیرداخلہ کے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ حکومت کی ویب سائیٹ کے مطابق نئے وزیراعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی قبل ازیں گیس کے وسائل سے مالامال امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ اعلیٰ عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔ امیرقطر نے منگل کے روزشاہی فرمان نمبر 2 برائے 2020ء جاری کیا جس میں عزت مآب شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی کو وزیراعظم مقرر کرنے کی اطلاع دی گئی تھی جس کا اطلاق فوری اثر کے ساتھ ہوگا۔