دواخانہ میں ہنگامہ آرائی، پولیس کی بندوق چھین کر فائرنگ کی کوشش پر دفاعی فائر کا دعویٰ
حیدرآباد 20 اکٹوبر (سیاست نیوز) پولیس کانسٹبل پرمود کمار کے قتل میں ملوث شیخ ریاض کے انکاؤنٹر کے بعد نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے آج شام پولیس ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شیخ ریاض پولیس فائرنگ میں ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حسب معمول آرمڈ ریزرو پولیس کا عملہ اور ایک کانسٹیبل ہاسپٹل کے وارڈ کے قریب ڈیوٹی انجام دے رہے تھے جہاں ریاض نے اچانک ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ میڈیکل عملے کو مطلع کرنے کے بعد آرمڈ ریزرو انسپکٹر اور کانسٹیبل اندر داخل ہوئے اور ریاض کو خاموش کرنے کی کوشش کی، تاہم ریاض نے اچانک پولیس اہلکار کی بندوق چھین کر فائر کرنے کی کوشش کی۔پولیس کمشنر کے مطابق آرمڈ انسپکٹر نے ریاض کو بندوق چھوڑنے کی ہدایت دی، مگر وہ باز نہ آیا۔ جس کے بعد پولیس نے اپنی اور دیگر افراد کی حفاظت کے لئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ریاض موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ سائی چیتنیا نے بتایا کہ واقعہ کے بعد ضابطہ کے مطابق مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کو بھی تمام قواعد کے مطابق انجام دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں پولیس کمشنر نے بتایا کہ ریاض کے ہاتھوں زخمی سید آصف اس وقت ملا ریڈی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ب