ابوظبی، 2 فروری (یو این آئی) ابوظبی کی شیخ زاید مسجد نے 2025 کے دوران سیاحت اور عبادت کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کردی۔ مسجد نے سال بھر میں تقریباً 70 لاکھ مہمانوں کا استقبال کیا، جو 2024 کے مقابلے میں 4 فی صد اضافہ ہے اور ادارے کی تاریخ کی بلند ترین سالانہ تعداد ہے ۔ مسجد میں 15 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد نے نماز ادا کی جب کہ 24 لاکھ سے زیادہ افراد افطار اور عبادات کے لیے آئے ۔ شیخ زاید مسجد آنے والوں میں 82 فی صد غیر ملکی مہمان شامل تھے ، متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کا تناسب 18 فیصد رہا۔ اس حوالے سے ایشیا پہلے نمبر پر رہا، جہاں سے 49 فی صد زائرین آئے ، یورپ سے 33 فی صد اور شمالی امریکا سے 11 فی صد مہمان مسجد پہنچے ۔ رمضان اور عیدالفطر کے دوران مسجد میں 18 لاکھ 90 ہزار سے زائد زائرین آئے ۔ 26 لاکھ سے زیادہ افطار اور سحری کے کھانے تقسیم کیے گئے ۔ مسجد نے سال بھر میں 4 ہزار سے زائد ثقافتی سرگرمیوں اور دوروں کا بھی انعقاد کیا اور 335 اعلیٰ سطح کے وفود کی میزبانی کی۔